Thursday, July 26, 2012

ساچی نہیں ساعتچی

ساچی نہیں ساعتچی
مشہور عالمی اشتہاری ایجنسی Saatchi & Saatchi کا نام عام طور پر "ساچی اینڈ ساچی" لکھا جاتا ہے. انگریزی میں یہی تلفظ ہے لیکن اصل میں کچھ اور بنتا ہے.
ایجنسی کے بانی دونوں بھایوں کے والد ناتھن ساعتچی دوسری جنگ عظیم کے بعد بغداد سے لندن چلے گۓ. ان کے ترک نسل کے بزرگوں میں سے کسی کا کاروبار گھڑیوں کا تھا، جس سے خاندانی نام ساعت (گھڑی) والے سے ترکی میں "ساعتچی" ہو گیا. (اس زمانہ میں عراق خلافت عثمانیہ میں شامل تھا۔) ہمارے ہاں ترکی سے ایک ایکٹرس آئی تھی، جس نے کئی فلموں میں کام کیا. اس کا نام نازاں ساعتچی تھا. اس زمانے میں افواہ تھی کہ ایکٹر محمد علی اس سے شادی کرنا چاہتے تھے. لیکن گھر والوں نے مخآلفت کی۔ پھر زیبا سے شادی ہو گئی۔
ترکی میں اس طرح کے کئی پیشوں کے نام ہیں، جیسے "توپچی" (توپ چلانے والا) یا "خزانچی" (خزانہ کا نگران). یہ اردو میں بھی استعمال ہوتے ہیں.
عراق میں بھی پیشہ کو نام کا حصہ بنانے کا رواج ہے. جیسے الزیات (تیلی) یا حداد (لوہار). ہمارے کشمیر میں بھی پیشہ نام کا حصہ بنایا جاتا ہے، جیسے "زرگر" (سنار) یا "بزاز" (کپڑا بیچنےوالا). ہمارے اپنے دیہات اور قصبوں میں شناخت کے لیے پیشہ کو نام کا حصہ بنا دیا جاتا ہے، جیسے ماجھا تیلی یا شیدہ کوچوان۔

0 Comments:

Post a Comment

<< Home